نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کردیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق کل سے 22 اگست کے دوران ملاکنڈ، دیر، شانگلہ، سوات، بٹگرام، آلائی، چترال، کوہستان، مانسہرہ اور گلیات کے علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی عارضی یا طویل دورانیے کے لیے متاثر ہونے اور سڑکوں کی بندش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے این-45، ایس-4 اے، ایس-16، این-90 اور این-95 روڈز کو خصوصی طور پر حساس قرار دیا ہے۔
این-140، این-45 دروش، لواری، چترال اور گرم چشمہ روڈ بھی لینڈ سلائیڈنگ کے حوالے سے حساس قرار دیے گئے ہیں۔
قراقرم ہائی وے، این-15 بالاکوٹ، کاغان، ناران اور ایبٹ آباد میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔
متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو حساس ڈھلوانوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پہاڑی علاقوں اور سڑکوں پر غیرضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
