اسلام آباد،راولپنڈی میں ایک ہفتے جاری بارش سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا،آج راولپنڈی میں مجموعی طور پر 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے،نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 8 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں ساڑھے 6 فٹ تک بلند ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق سیدپورمیں 14، گولڑہ میں 34، بوکڑہ میں 19 جبکہ پی ایم ڈی میں 12 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،شمس آباد میں 18،کچہری میں 23،پیرودھائی میں 28،نیوکٹاریاں میں 43 جبکہ گوالمنڈی میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی،بارش کےباعث نالہ لئی میں کٹاریاں کےمقام پر پانی کی سطح 8 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں ساڑھے 6 فٹ تک بلند ہے۔
بارش کےباعث مختلف علاقوں میں حادثات کی اطلاعات ہیں،اٹک کےجسیاں گاؤں میں شدید بارش کے باعث گھرکی چھت گرگئی،ملبے تلے دب کر ایک شخص شدید زخمی ہوگیا،جسے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
صوابی کےعلاقے آزادخیل میں بارش کےباعث پڑوسی کی دیوارقریبی گھر کی چھت پرجاگری،حادثے میں باپ اور بیٹی سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ ماں اوربیٹا زخمی ہوگئے۔
چارسدہ میں گزشتہ رات سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،ضلعی انتظامیہ چارسدہ نے تیزآندھی طوفان اور بارش کےپیش نظر احتیاطی تدابیر اختیارکرنےکی ہدایت کردی،تیز آندھی اور بارش سے مختلف علاقوں میں پانی گھروں اوراسکولوں میں داخل ہوگیا، بارش اور اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظرچارسدہ کے بعض سرکاری اور پرائیوٹ اسکولوں میں آج تعطیل کا اعلان کردیا گیا۔
دوسری جانب گجرات،سیالکوٹ،نارووال، جہلم، اٹک اور چارسدہ سمیت مختلف شہروں اور گردونواح میں موسلا دھار اوروقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث گرمی اور حبس کی شدت میں کمی آگئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔
گجرات میں آدھےگھنٹےکی بارش نےجل تھل ایک کردیا، گلی محلوں اورسڑکوں پرپانی جمع ہوگیا جبکہ بعض نشیبی علاقوں اور گھروں میں بھی بارش کا پانی داخل ہوگیا، جہلم میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے اورمتعدد علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی،اٹک اور چارسدہ میں بھی مسلسل بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
