پاکستان میں تیزی سے بڑھتی آبادی، خوراک اور پانی کی قلت بڑے چیلنج بن گئے۔ احسن اقبال نے خبردار کردیا کہ زرعی زمین کو شہروں میں تبدیل کرنے اور زیرزمین پانی کے بے دریغ انخلا کا سلسلہ نہ روکا گیا تو مستقبل میں سنگین مسائل کا سامنا ہوگا۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ تیزی سے آبادی بڑھنے والے ممالک میں شامل ہے۔ بڑھتی آبادی کے تناظر میں فوڈ سیکیورٹی ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے جبکہ پانی کی فی کس دستیابی کے معاملے میں بھی پاکستان مزید تنزلی کی طرف جا رہا ہے۔
احسن اقبال نے کہا ہمارا زرعی شعبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے لیکن کمزور ہے، قومی صلاحیت میں اضافہ کرنا بھی کسی چیلنج سے کم نہیں۔ ان کا کہنا تھا بلدیاتی ادارے وسائل سے محروم ہیں جبکہ صوبوں کے پاس وسائل صوابدیدی اختیار کے تحت جاتے ہیں۔ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں زرعی زمین کو تیزی سے شہروں میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ شہروں کو باقاعدہ ضابطہ اخلاق میں نہ لایا گیا تو مستقبل میں بڑا مسئلہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ زیرزمین پانی کا بے تحاشا انخلا بھی سنگین مسئلہ بنتا جا رہا ہے، زیرزمین پانی کے ذخائر کو ریچارج کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنا ہوں گے۔
