نئی دہلی : انڈین فاسٹ بولر محمد شامی کو موصول ہونے والی ایک ای میل کے ذریعے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے جبکہ ان سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
یہ ای میل موصول ہونے کے بعد مقامی پولیس نے پیر کے روز محمد شامی کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
محمد شامی کا تعلق انڈیا کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش کے ضلع امروہہ سے ہے۔ انڈین خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی) کے مطابق امروہہ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس امت کمار نے بتایا کہ محمد شامی کی جانب سے رپورٹ اAن کے بھائی محمد حسیب نے درج کروائی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ای میل میں دھمکی دی گئی ہے کہ اگر بنگلور کے پربھاکر نامی شخص کو ایک کروڑ روپے نہ دیے گئے تو شامی کی جان کو خطرہ ہو گا۔ ای میل بھیجنے والے نے اپنی شناخت راجپوت سندھر کے طور پر ظاہر کی ہے۔
محمد شامی آج کل انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی ٹیم ’سن رائزرز حیدرآباد‘ کی جانب سے کھیل رہے ہیں لیکن گذشتہ رات دہلی کے خلاف ہونے والے میچ میں وہ ٹیم میں شامل نہیں تھے۔
حیدرآباد کی پلیئنگ الیون میں اُن کی غیر موجودگی جاری ٹورنامنٹ میں اُن کی ناقص کارکردگی اور اُن کی فٹنس کے مسائل کے حوالے سے بتائی جا رہی ہے۔
انھوں نے آئی پی ایل کے رواں سیزن میں اب تک کھیلے جانے والے نو میچوں میں شرکت کی ہے اور وہ صرف چھ وکٹیں حاصل کر سکے ہیں جبکہ گذشتہ ہفتے گجرات ٹائٹنز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں انھوں نے تین اوورز میں 48 رنز دیے تھے اور وہ کوئی وکٹ حاصل نہیں کر سکے تھے۔