بنگلادیش میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے بینک لاکرز سے 10 کلو سونا ضبط

0

ڈھاکا: بنگلادیشی حکام نے توشہ خانہ میں تحائف جمع نہ کروانے کے الزام کی بنیاد پر سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے بینک لاکرز سے 13 لاکھ ڈالر (تقریباً 37 کروڑ پاکستانی روپے) مالیت کا 10 کلو سونا ضبط کر لیا ہے۔ نیشنل بورڈ آف ریونیو (این بی آر) کے سینٹرل انٹیلی جنس سیل (سی آئی سی) نے شیخ حسینہ کے نام پر رجسٹرڈ دو لاکرز سے سونے کے زیورات برآمد کیے۔

سی آئی سی کے مطابق لاکر نمبر 751 اور 753 کھولنے کے بعد مجموعی طور پر 10 کلو سونا برآمد ہوا، اور تمام کارروائی بنگلادیش بینک کے قواعد کے مطابق مکمل کی گئی۔ اس سے قبل 17 ستمبر کو خفیہ معلومات کی بنیاد پر آگرانی بینک کی دلکشا شاخ میں چھاپہ مار کر یہ دونوں لاکرز ضبط کیے گئے تھے، جن پر ٹیکس چوری اور مالی بے ضابطگیوں کے شبہات تھے۔

نیشنل بورڈ آف ریونیو کے مطابق عدالت کے حکم پر لاکرز کھولے گئے جن میں سے سونے کے بار، سکے اور زیورات برآمد ہوئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ نے اپنے دورِ اقتدار میں ملنے والے کچھ تحائف ریاستی خزانے میں جمع نہیں کروائے تھے۔

رواں ماہ انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے 453 صفحات پر مشتمل اپنے تفصیلی فیصلے میں شیخ حسینہ واجد کو سزائے موت کا حکم سنایا تھا۔ تین رکنی بینچ کے اس فیصلے میں کہا گیا کہ لیک آڈیو کال کے مطابق انہوں نے احتجاج کرنے والے طلبہ کے خلاف سخت اقدامات کی منظوری دی اور تحریک کو طاقت سے دبایا۔ فیصلے میں سابق وزیرِ داخلہ اسد الزماں کمال کو بھی سزائے موت جبکہ سابق انسپکٹر جنرل پولیس چوہدری عبداللّٰہ المامون کو پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.