امریکا: نیویارک میں 8 امیگریشن جج برطرف، وجوہات غیر واضح
امریکی محکمہ انصاف نے نیویارک سٹی میں تعینات 8 امیگریشن ججوں کو ان کے عہدے سے برطرف کر دیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق فیصلے کی تصدیق امیگریشن ججز کی نمائندہ تنظیم نیشنل ایسوسی ایشن آف امیگریشن ججز (NAIJ) نے بھی کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ تمام جج مین ہٹن میں 26 فیڈرل پلازا کی عمارت میں کام کرتے تھے، جہاں تارکینِ وطن کے قانونی اسٹیٹس سے متعلق مقدمات کی سماعت کی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ 26 فیڈرل پلازا طویل عرصے سے ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں کی علامت سمجھا جاتا ہے، جہاں مہینوں سے ماسک پہنے وفاقی اہلکار روزانہ عدالت سے نکلنے والے تارکینِ وطن کو گرفتار کرتے رہے ہیں۔
امریکی میڈیا اور NAIJ کے مطابق ان 8 ججوں کی برطرفی کی وجوہات واضح نہیں کی گئیں۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق، رواں برس ملک بھر میں تقریباً 600 میں سے 90 امیگریشن جج برطرف کیے جا چکے ہیں۔
مہاجرین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپوں کا کہنا ہے کہ یہ برطرفیاں ایسے ججوں کی جگہ نئے تعینات کرنے کی کوشش کا حصہ ہیں جو ٹرمپ انتظامیہ کی سخت امیگریشن پالیسیوں سے زیادہ ہم آہنگ ہوں۔