پنجاب میں تھیٹر پر پیش کیے جانے والے 106 گانوں پر پابندی عائد
لاہور – پنجاب میں تھیٹر ڈراموں کے دوران پیش کیے جانے والے 106 پنجابی گانوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پنجاب آرٹس کونسل اور محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے مطابق یہ اقدام تھیٹر کو معیاری تفریح اور فیملی تھیٹر کے تصور کے فروغ کے لیے کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پابندی کا اطلاق ان گانوں پر ہوگا جنہیں تھیٹر ڈراموں میں غیر معیاری یا خاندانی ماحول کے منافی سمجھا جا رہا تھا۔ متعلقہ اداروں کے مطابق اس فیصلے کا مقصد تھیٹر کے معیار کو بہتر بنانا، خاندانی ناظرین کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنا اور اس شعبے کی ساکھ کو بحال کرنا ہے۔
محکمے نے واضح کیا ہے کہ تھیٹر مالکان اور پروڈیوسرز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ پابندی کی زد میں آنے والے گانوں کو اپنے ڈراموں سے فوری طور پر ہٹا دیں، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔