پاکستان کے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی نے اپنے یوٹیوب چینل پر 10 ملین سبسکرائبرز مکمل کرلیے۔ فیملی ولاگز اور روستنگ ویڈیوز کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے ڈکی بھائی نے یہ ہدف سات برسوں میں حاصل کیا۔
حالیہ عرصے میں ڈکی بھائی اس وقت خبروں کی زینت بنے تھے جب انہیں 16 اگست 2025 کو ملائیشیا میں ایک ایونٹ میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل اہلیہ کے ہمراہ ایئرپورٹ پر ایف آئی اے نے گرفتار کیا۔ اس معاملے میں انہیں تین ماہ تک جیل میں رہنا پڑا، جبکہ رہائی سے قبل ایک ایف آئی اے افسر کو بھاری رقم ادا کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں۔
10 ملین سبسکرائبرز مکمل ہونے پر ڈکی بھائی نے ایک نیا ولاگ شیئر کیا، جس میں انہوں نے تمام تنازعات کے باوجود اس کامیابی کا جشن منایا۔ اس موقع پر انہوں نے تقریباً تین گھنٹے طویل لائیو اسٹریم بھی کی، جو اس وقت تک جاری رہی جب تک چینل نے مطلوبہ سنگِ میل حاصل نہیں کرلیا۔
ڈکی بھائی نے اس کامیابی پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور مشکل وقت میں ساتھ دینے پر اپنی والدہ کا خصوصی ذکر کیا۔ فون کال کے دوران ان کی والدہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 10 ملین سبسکرائبرز کا تصور ان کے لیے ناقابلِ یقین ہے، تاہم بیٹے کی خوشی ان کے لیے سب سے اہم ہے۔
