بولاوائیو — انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سُپر سکس مرحلے کے انتہائی اہم مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 58 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔
بھارت کی جانب سے ملنے والے 253 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی انڈر 19 ٹیم 46.2 اوورز میں 194 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے عثمان خان 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ حمزہ ظہور نے 42، کپتان فرحان یوسف نے 38 اور حضیفہ احسن نے 14 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ سمیر منہاس سمیت دیگر کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں داخل نہ ہو سکا۔
اس سے قبل بولاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان فرحان یوسف نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارتی انڈر 19 ٹیم آخری اوور میں 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بھارت کی جانب سے ویدانت ترویدی 68 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، جبکہ ویبھو سوریاونشی نے 30 اور آرون جارج نے 16 رنز بنائے۔ بھارتی کپتان آیوش مہاترے کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی طرف سے عبدالسبحان نے 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد صیام نے 2 جبکہ علی رضا، احمد حسین، مومن قمر اور علی حسن بلوچ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کے لیے یہ ہدف 33.3 اوورز میں پورا کرنا ضروری تھا، تاہم ٹیم مقررہ وقت میں مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکی۔
اس شکست کے ساتھ بھارت نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے، جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں پہلے ہی آخری چار مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں۔
