پاکستان فیفا ای 2026 سیزن میں شرکت کرے گا، پی ایف ایف کی باضابطہ تصدیق
لاہور — پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید محسن گیلانی نے باضابطہ طور پر تصدیق کی ہے کہ پاکستان آئندہ فیفا ای 2026 سیزن میں شرکت کرے گا۔ پی ایف ایف کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان میں ای اسپورٹس، خصوصاً فٹ بال گیمنگ کے فروغ اور مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔
صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر اپنی نمائندگی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کے مطابق فیفا ای سیزن میں شرکت سے ملک بھر میں فٹ بال گیمنگ کے شوقین نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔
پی ایف ایف کے مطابق پاکستان اس عالمی مقابلے کے تین بڑے ٹائٹلز میں سے ای فٹ بال کنسول کیٹیگری میں حصہ لے گا۔ اس مقصد کے لیے بہترین گیمرز کی تلاش کو یقینی بنانے کی خاطر ملک گیر سطح پر ٹرائلز اور مختلف سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ اس عمل کے لیے ایک نیشنل پارٹنر کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔
شرکت کے لیے امیدوار کی عمر رجسٹریشن کے وقت کم از کم 16 سال ہونا لازمی قرار دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کا FIFA.GG پر رجسٹرڈ فیفا ای پلیئر اکاؤنٹ ہونا ضروری ہوگا، جبکہ اس پر کسی بھی قسم کی عالمی پابندی (RLCS، کونامی یا فیفا ای کی جانب سے) عائد نہ ہو۔
ان ٹرائلز کے ذریعے منتخب ہونے والے گیمرز فیفا ای 2026 سیزن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جس کا اختتام سال کے آخر میں سعودی عرب میں منعقد ہونے والے فیفا ای ورلڈ کپ 2026 پر ہوگا۔