ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز: پاکستان کی نیپال کو شکست، ایونٹ میں فاتحانہ آغاز
بینکاک – ویمنز ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نیپال کو 30 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ میچ بینکاک میں کھیلا گیا جہاں نیپال نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستانی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔ کپتان حفصہ خالد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 40 رنز اسکور کیے جبکہ وحیدہ اختر نے 23 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا۔
نیپال کی جانب سے کبیتا کنوار نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ منیشا اوپادھائے, ریا شرما, سیتا رانا مگر اور روبینہ چھیتری نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 107 رنز بنا سکی۔ بندو راول 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں جبکہ کبیتا کنوار نے ناٹ آؤٹ 18 رنز اسکور کیے، تاہم وہ ٹیم کو فتح نہ دلا سکیں۔
پاکستان کی جانب سے انوشہ ناصر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، مومنہ ریاست نے 2 جبکہ وحیدہ اختر نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے ایونٹ میں مثبت آغاز کیا ہے اور اگلے میچز کے لیے ٹیم کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں۔