پاک افغان سرحد پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال کارروائیوں کے خلاف پاکستان نے آپریشن غضب للحق شروع کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی سکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی سے افغان طالبان کے کئی ٹھکانے تباہ ہوگئے اور خوارج بھاگ کھڑے ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے پاک افغان سرحد کے مختلف مقامات پر فائرنگ کی، پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے جواب میں ناوگئی سیکٹر باجوڑ، تیراہ خیبر میں بھرپور جواب دیا، چترال سیکٹر پر افغان طالبان کی چیک پوسٹ کو تباہ کردیاگیا۔
پاک افغان سرحد پر مہمند میں گرسال سیکٹر میں پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹیں تباہ کردیں، 3 طالبان ہلاک کردیے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں افغان طالبان کی 2 چوکیاں تباہ کیں۔ افغان صوبے پکتیکا کی پوسٹ پرقبضہ کرلیا۔ پاک فوج کی کارروائی پر افغان طالبان پوسٹ چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور ہوگئے۔
سکیورٹی فورسز نےکرم سیکٹر کے قریب افغان طالبان کے کئی ٹھکانے تباہ کردیے اور مزید8 طالبان جنگجو ہلاک کردیے۔ نےانگوراڈہ میں بھی ایک افغان پوسٹ کو تباہ کردیا گیا۔ اب تک 133 افغان طالبان ہلاک جبکہ200 سے زائد زخمی ہوچکےہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان نےکواڈ کاپٹر کے ذریعے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں پر حملے کی ناکام کوشش کی، سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی سے تمام کواڈ کاپٹرز گرا دیے گئے، ڈرونز کے ذریعے بھی چن چن کر طالبان رجیم کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کے میڈیا اور سوشل میڈیا پر جھوٹے دعوے اور فیک ویڈیوز کی بھرمار ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز سرحد کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، پاکستان کی سکیورٹی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کےخلاف سخت اور فوری جواب دینے کے لیے مکمل طورپر تیار ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے2جوان شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔
افغان طالبان کے سول آبادی پر حملے، خواتین سمیت 5 افراد زخمی
پاک فوج کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعد افغان طالبان نے سول آبادی پر حملے شروع کر دیے جس میں خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے فائر کئے گئے گولے باجوڑ کے علاقے لغڑئی اور گرد و نواح میں گرے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ باجوڑ میں مارٹر گولے گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے جس میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ زخمی افراد کو خار اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت، باجوڑ میں مسجدکو بھی نشانہ بنا ڈالا
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت میں مسجد کو بھی نشانہ بنایا گیا، افغان طالبان نے باجوڑ میں مسجد کو نشانہ بنایا ،افغان طالبان کی شیلنگ سے مسجد کی چھت اور دیگر حصے متاثرہوئے۔
پاک فوج نے افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو فتح کرکے قومی پرچم لہرادیا
پاک افغان سرحد پر پاک فوج نے افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو فتح کر لیا اور افغان پوسٹوں پر قومی پرچم لہرا دیا ۔
پاک فوج کے جوانوں نے افغان طالبان کی پوسٹ کو فتح کر کے کہا کہ افغان طالبان سن لو ہم تمہیں بھرپور جواب دے کر دکھائیں گے کہ تم کس سے ٹکرائے ہو، افغان طالبان کی پوسٹ کو فتح کر کے پاکستان کا پرچم لہرا دیا ہے، اسی طرح ہم آئیں گے اور کابل کو بھی فتح کر لیں گے پھر تمہیں پتہ چلے گا کہ تم نے ہم سے کیسے پنگا لیا۔
پاک فضائیہ کے حملے شروع ، ننگرہار میں بڑا ایمونیشن ڈیپو تباہ کردیا
پاک فضائیہ نے ننگرہار کے اندر بڑا ایمونیشن ڈیپو تباہ کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق 3افغانی بٹالین اورسیکٹرہیڈکوارٹر مکمل طور پر تباہ کردیے گئے۔ موثر جوابی کارروائی کے دوران 30سے زائد ٹینکس، آرٹلری گنز اور اے پی سیز بھی تباہ کردیے گئے۔