پیانگ یانگ – شمالی کوریا کے رہنما Kim Jong-un نے ایران اور امریکا و اسرائیل کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر پہلی بار کھل کر موقف اختیار کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق کم جونگ اُن نے فوجی اہلکاروں اور حکام کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک جنگ نہیں چاہتا، لیکن اس سے بچنے کا بھی کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ انہوں نے مغربی ممالک، خصوصاً امریکا، کو سخت تنبیہ کی اور اپنے ملک کی فوجی طاقت کا حوالہ دیا۔
کم جونگ اُن نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کو "شرمناک اور غیرقانونی جارحیت” قرار دیا اور کہا کہ یہ اقدام کسی بھی ملک کی علاقائی خودمختاری اور قومی سلامتی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق شمالی کوریا ممکنہ طور پر مشرقِ وسطیٰ کے اس بحران کو اپنے جوہری پروگرام کے جواز کے طور پر پیش کر رہا ہے۔ کم جونگ اُن نے مزید کہا کہ دنیا "گینگسٹر طرز کی منطق” پر چل رہی ہے اور صرف وہی ممالک محفوظ رہ سکتے ہیں جن کے پاس بے پناہ طاقت ہو۔
