پاکستان سپر لیگ 11 کے پہلے ایلیمینیٹر میں حیدرآباد کنگز مین نے ملتان سلطانز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 8 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کر دیا اور اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس ناک آؤٹ میچ میں حیدرآباد کنگز مین نے 160 رنز کا ہدف محض 15.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
کنگز مین کی جانب سے معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 64 رنز ناٹ آؤٹ بنائے، جبکہ عثمان خان نے بھی 64 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔ صائم ایوب 15 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے، جبکہ کپتان مارنس لبوشین 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے باؤلنگ میں محمد اسماعیل اور اسٹیون اسمتھ ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
اس سے قبل ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے تھے، جس میں شان مسعود 69 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔
حیدرآباد کنگز مین اب ایلیمینیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے مدمقابل آئے گی، جہاں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم فائنل میں رسائی حاصل کرے گی۔
