علاقائی سفارتی کوششوں میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے ہیں جہاں ایرانی وزیر داخلہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شاندار استقبال کیا جبکہ ایئر پورٹ پر وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم علیٰ ایرانی شخصیات سے ملاقات کریں گے جس دوران خطے میں قیام امن اور دیگر اہم امور پر بات چیت ہو گی۔ فیلڈ مارشل کا دورہ ایران ثالثی کی جاری کوششوں کا حصہ ہے ۔
یاد رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی پہلے ہی ایران کے دورے پر ہیں اور اس دوران انہوں نے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے 2 مرتبہ ملاقاتیں کیں ۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہاہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات میں پاکستان ہی ہمارا واحد رابطہ کار اور شراکت دار ہے، پاکستان نے اس معاملے میں قابل تعریف کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر ایران جارہے ہیں، ان کے ساتھ اعلیٰ ترین سطح پرمسلسل رابطے میں ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا سویڈن میں نیٹووزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ ڈیل ہی ہماری پہلی خواہش ہے اور اسی پر کام کررہے ہیں، بنیادی طور پر ہمارا مرکزی رابطہ کار پاکستان ہے، پاکستان نے پوری صورت حال میں قابل تعریف کردار ادا کیا، اور ہم اسی راستے پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں، ظاہر ہے دیگر ممالک بھی اس میں دلچسپی رکھتے ہیں، خاص طور پر خلیجی ممالک جو اس صورتحال میں شامل ہیں، ان کے اپنے الگ مسائل ہیں،ہم ان سے بھی بات کررہے ہیں۔
مارکو روبیو نے کہا کہ میں یہ واضح کرنا چاہوں گا کہ ہمارا بنیادی شراکت دار پاکستان ہی ہے، میری معلومات کے مطابق فیلڈ مارشل کل روانہ ہونے والے تھے، لیکن آج فیلڈ مارشل سید عاصم منیرایران جارہے ہیں، ہم اعلیٰ ترین سطح پر ان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں، ہم سب ایران کے ساتھ ایک معاہدہ دیکھنا چاہتے ہیں، جس کے تحت آبنائے ہرمز کھلی رہےاور ایران اپنے جوہری عزائم سے پیچھے ہٹ جائے، یہی ہماری خواہش ہے اور اسی پر ہم کام جاری رکھیں گےلیکن ساتھ ہی ہمیں پلان بی بھی تیار رکھنا ہوگا جوایران کے آبنائے ہرمز کو کھولنے سے انکارکے بعد کام آئے گا۔
