بیلفاسٹ: شمالی آئرلینڈ کے دارالحکومت بیلفاسٹ میں ایک خوفناک چاقو حملے کے بعد شروع ہونے والے ہنگامے دوسرے روز بھی جاری رہے، جہاں پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے جبکہ کم از کم 16 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کی شب پیش آنے والے چاقو حملے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے، جو بعد ازاں پرتشدد صورت اختیار کر گئے۔ واقعے کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملے کے الزام میں ایک 30 سالہ سوڈانی شہری کو اقدام قتل کے مقدمے میں عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، جس کے بعد مشتعل افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ بدھ کی رات مختلف مقامات پر نقاب پوش افراد نے پولیس اہلکاروں پر پیٹرول بم، اینٹیں اور دیگر اشیا پھینکیں جبکہ کئی گاڑیوں اور املاک کو بھی نذرِ آتش کر دیا گیا۔
شمالی آئرلینڈ کے وزیر ہلیری بین نے تشدد کے ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں ’’نسل پرستانہ غنڈہ گردی‘‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی فرد کو اس کی نسل یا جلد کے رنگ کی بنیاد پر نشانہ بنانا اور خوفزدہ کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تازہ جھڑپوں میں کم از کم 12 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، جبکہ مزید دو افراد پر ہنگاموں میں ملوث ہونے کے الزام میں فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے اضافی نفری تعینات کر دی ہے۔
دوسری جانب چاقو حملے میں زخمی ہونے والے شخص اسٹیفن اوگِلوی کی حالت میں بہتری بتائی جا رہی ہے۔ ان کے اہل خانہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ واقعے کو نفرت اور تشدد پھیلانے کے لیے استعمال نہ کیا جائے اور امن و تحمل کا مظاہرہ کیا جائے۔
رپورٹس کے مطابق زیادہ تر ہنگامے بیلفاسٹ کے پروٹسٹنٹ اکثریتی علاقوں میں رونما ہوئے، جبکہ کیتھولک آبادی والے علاقوں میں صورتحال نسبتاً پُرامن رہی۔ پولیس نے کہا ہے کہ اب تک ایسی کوئی شہادت سامنے نہیں آئی جس سے معلوم ہو کہ ان واقعات کے پیچھے کوئی منظم نیم فوجی تنظیم ملوث ہے، تاہم سوشل میڈیا پر سرگرم انتہا پسند اور انتہائی دائیں بازو کے عناصر پر کشیدگی کو ہوا دینے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
سکیورٹی خدشات کے پیش نظر شمالی آئرلینڈ کی سب سے بڑی مسجد کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا، جبکہ ایک مسلم نرس کو ڈیوٹی پر جاتے ہوئے ہراساں کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔
