حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے ایک سخت بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل لبنان میں اپنی موجودگی برقرار نہیں رکھ سکتا اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق نعیم قاسم نے اتوار کے روز اپنے خطاب میں واضح کیا کہ حزب اللہ اسرائیلی اقدامات پر خاموش نہیں رہے گی اور کسی بھی جارحیت کا فوری ردعمل دیا جائے گا۔
ان کے یہ ریمارکس ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ جمعہ کے روز طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود ان کی افواج لبنان میں “خطرات کے خاتمے” کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ اس کی کارروائیاں صرف ان مقامات تک محدود ہیں جہاں حزب اللہ کی سرگرمیاں موجود ہیں، تاہم لبنان میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔
دوسری جانب حزب اللہ کی قیادت کا مؤقف ہے کہ اسرائیل جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے اور ایسے اقدامات خطے میں امن کے عمل کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
نعیم قاسم نے اپنے بیان میں کہا کہ حزب اللہ اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور اسرائیلی خلاف ورزیوں کا مناسب وقت اور انداز میں جواب دیا جائے گا۔
خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے کہ اگر فریقین نے تحمل کا مظاہرہ نہ کیا تو صورتحال دوبارہ بڑے تنازع کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔
