برگن اسٹاک میں سوئس نائب صدر اور وزیر خارجہ اگنازیو کاسیس نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ہے۔
سوشل میڈیا پر پیغام میں سوئس وزیر خارجہ نے کہا کہ سوئٹزرلینڈ امریکا ایران ایم او یو میں پاکستان کے کردار کو سراہتا ہے۔ پاکستان مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کیلئے بھی کردار ادا کررہا ہے۔ سوئٹزرلینڈ کشیدگی میں کمی اورعلاقائی استحکام کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
وزیراعظم نے سوئس حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر کامیاب عمل درآمد خطے میں پائیدار امن اور عالمی اقتصادی استحکام کے فروغ میں معاون ثابت ہوگا۔
وزیراعظم نے پاکستان میں سوئٹزرلینڈ کی مسلسل سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سوئس کمپنیاں اپنی سرمایہ کاری میں مزید اضافہ کریں گی۔ انہوں نے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سائبر سکیورٹی کے شعبوں میں سوئٹزرلینڈ کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے کے لیے پاکستان کے اعلیٰ تربیت یافتہ ماہرین کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی۔
دونوں فریقین نے ادویہ سازی، سیاحت، موسمیاتی تبدیلی اور آفات کے خطرات میں کمی جیسے باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر سوئس وزیر خارجہ کو باہمی سہولت کے مطابق پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
