ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے متعلق قائم کی گئی مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے اس اہم عالمی بحری گزرگاہ کے انتظام، محفوظ بحری نقل و حمل اور مستقبل کے تعاون سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس کے بعد ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے بتایا کہ مشترکہ کمیٹی دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والی مفاہمت کے تحت قائم کی گئی ہے، جس کا بنیادی مقصد آبنائے ہرمز کے انتظام، بحری آمدورفت اور متعلقہ تکنیکی و انتظامی معاملات پر باقاعدہ مشاورت اور تعاون کو فروغ دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں آبنائے ہرمز کے انتظامی ڈھانچے، بحری ٹریفک کی مؤثر نگرانی، تکنیکی تعاون کے مختلف پہلوؤں اور دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانے کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
کاظم غریب آبادی کے مطابق ایران اور عمان نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں استحکام، محفوظ بحری آمدورفت اور مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے مسلسل رابطے اور مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
