پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے دورۂ عمان کے لیے پاکستان انڈر 21 ہاکی ٹیم کے 20 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی جونیئر ٹیم کا انتخاب اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں منعقدہ کامیاب ٹرائلز کے بعد کیا گیا۔
فیڈریشن کے مطابق مایہ ناز اسٹرائیکر حمزہ فیاض کو پاکستان انڈر 21 ہاکی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سمیع اللہ نائب کپتان کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
اعلان کردہ اسکواڈ میں مجموعی طور پر 20 کھلاڑی شامل ہیں، جن میں 2 گول کیپرز، 9 ہاف بیکس اور ڈیفنڈرز، 4 مڈفیلڈرز اور 5 اسٹرائیکرز شامل ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ عمان کا یہ دورہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور بین الاقوامی سطح پر تجربہ حاصل کرنے کا اہم موقع ثابت ہوگا۔ فیڈریشن کو امید ہے کہ قومی انڈر 21 ٹیم بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستان کے لیے مثبت نتائج حاصل کرے گی۔
