امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی بندرگاہ بندر عباس پر کیے گئے امریکی فضائی حملوں کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری کر دی۔
جاری کردہ ویڈیو میں بندر عباس کے مختلف مقامات پر دھماکوں اور فضائی حملوں کے مناظر دکھائے گئے ہیں، تاہم ویڈیو کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
یہ ویڈیو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا نے گزشتہ روز ایران میں نئی فوجی کارروائیاں کیں۔ حملوں کے وقت ایران میں لاکھوں افراد سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور آخری رسومات میں شرکت کے لیے سڑکوں پر موجود تھے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں کے دوران بندر عباس، سیریک اور جزیرہ قشم میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ نے مقامی حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ جزیرہ قشم میں کم از کم 6، سیریک میں 7 سے 9 جبکہ بندر عباس میں تقریباً 10 دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
ادھر امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی فوج نے حالیہ کارروائی میں ایران کے 80 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا۔ امریکی حکام کے مطابق یہ حملے آبنائے ہرمز میں تین تجارتی بحری جہازوں پر مبینہ ایرانی حملوں کے جواب میں کیے گئے۔
