پاکستان میں مکسڈ مارشل آرٹس کے فروغ اور قومی ایتھلیٹس کو عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے کے لیے پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن نے ’کنٹینڈر سیریز‘ کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
’ایکٹیوٹ‘ اور ڈاکٹر رضوان آفتاب کے تعاون سے شروع کیے گئے اس ہائی پرفارمنس پلیٹ فارم کا مقصد مقامی مقابلوں اور عالمی سطح کی پیشہ ورانہ ایم ایم اے فائٹنگ کے درمیان موجود فرق کو کم کرنا اور پاکستانی فائٹرز کو بین الاقوامی سطح کے لیے تیار کرنا ہے۔
اس ایک روزہ ایونٹ میں پاکستان کے 12 بہترین آئی ایم ایم اے ایف (IMMAF) ایتھلیٹس اور ابھرتے ہوئے فائٹرز ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ یہ کھلاڑی مستقبل میں ایشین اور ورلڈ چیمپئن شپ سمیت بریو کامبیٹ فیڈریشن (BRAVE CF) اور یو اے ای واریئرز (UAE Warriors) جیسی عالمی پروفیشنل تنظیموں میں شرکت کی تیاری کر رہے ہیں۔
پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن کے صدر عمر احمد نے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت فائٹرز کی کوئی کمی نہیں، تاہم انہیں مستقل بنیادوں پر اعلیٰ معیار کے مقابلوں کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق کنٹینڈر سیریز کھلاڑیوں کو وہ دباؤ، ماحول اور تجربہ فراہم کرے گی جو انہیں عالمی چیمپئن شپ میں دنیا کی مضبوط ترین ٹیموں کا مقابلہ کرنے کے قابل بنائے گا۔
ایونٹ کی نمایاں کشش سابق ایشین چیمپئن اور ورلڈ چیمپئن شپ کے سلور میڈلسٹ شہاب علی کا پروفیشنل ڈیبیو ہوگا۔ شہاب علی کو 2025 میں آئی ایم ایم اے ایف فائٹر آف دی ایئر کا اعزاز بھی مل چکا ہے۔ عمر احمد نے کہا کہ شہاب علی میں مستقبل میں یو ایف سی (UFC) تک رسائی حاصل کرنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن نے اسکولوں، کالجوں اور جامعات سے لے کر عالمی چیمپئن شپ تک نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک منظم کیریئر پاتھ وے تیار کیا ہے۔
اسی سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے فیڈریشن رواں سال ابوظہبی میں ہونے والی آئی ایم ایم اے ایف یوتھ ورلڈ چیمپئن شپ میں پہلی مرتبہ شرکت کرے گی، جہاں ابھرتے ہوئے فائٹر اورنگزیب احمد کیٹیگری ڈی میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
