لندن: برطانیہ کی اندرونی خفیہ ایجنسی ایم آئی 5 (MI5) اور پولیس سروس آف ناردرن آئرلینڈ (PSNI) کو بی بی سی کے سابق صحافی ونسنٹ کیرنی کے فون ریکارڈز غیرقانونی طور پر حاصل کرنے پر معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا گیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق ونسنٹ کیرنی، جو اس وقت آئرش نشریاتی ادارے RTE سے وابستہ ہیں، نے اپنے فون ڈیٹا تک غیرقانونی رسائی کے خلاف قانونی کارروائی کی تھی۔ یہ معاملہ بیلفاسٹ کے دو دیگر صحافیوں کی جانب سے دائر کیے گئے ایک الگ مقدمے کے دوران سامنے آیا تھا۔
لندن میں قائم تحقیقاتی پاورز ٹریبونل (Investigatory Powers Tribunal) نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ صحافی کے فون ریکارڈز تک رسائی اس کے رازداری کے حقوق اور صحافتی ذرائع کے تحفظ میں غیرمتناسب مداخلت تھی۔
عدالت نے حکم دیا کہ ایم آئی 5 اور پولیس سروس آف ناردرن آئرلینڈ الگ الگ 10 ہزار پاؤنڈ (تقریباً 13,326 امریکی ڈالر) بطور معاوضہ ونسنٹ کیرنی کو ادا کریں۔
