ٹرمپ کا بڑا تجارتی فیصلہ، درجنوں ممالک پر نئے دوہرے ہندسوں کے ٹیرف نافذ

ٹرمپ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے گلوبل ٹیرف 10 فیصد سے بڑھا کر 15 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے درجنوں تجارتی شراکت دار ممالک پر نئے دوہرے ہندسوں کے درآمدی محصولات (ٹیرف) نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عارضی 10 فیصد ٹیرف کی مدت ختم ہونے والی ہے اور امریکی انتظامیہ نئی تجارتی پالیسی پر عمل درآمد شروع کر رہی ہے۔

امریکی انتظامیہ کے مطابق نئے ٹیرف کے تحت 60 تجارتی شراکت دار ممالک سے درآمد ہونے والی مصنوعات پر 10 سے 12.5 فیصد تک محصولات عائد کیے جائیں گے۔ وائٹ ہاؤس کا مؤقف ہے کہ ان ممالک نے جبری مشقت (Forced Labor) سے تیار کردہ مصنوعات کی درآمد روکنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے، جس کے باعث یہ اقدام ناگزیر ہو گیا۔

امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر نے کہا کہ امریکہ میں تقریباً ایک صدی سے جبری مشقت سے تیار کردہ اشیا کی درآمد پر پابندی عائد ہے اور اس قانون پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ امریکہ کے تجارتی شراکت دار بھی اسی معیار کو اپنائیں اور اس حوالے سے مؤثر اقدامات کریں۔

نئی امریکی پالیسی کے تحت یہ محصولات جمعہ کی صبح سے نافذ ہوں گے، جب دنیا بھر سے درآمدات پر عائد عارضی 10 فیصد ٹیرف کی مدت ختم ہو جائے گی۔ امریکی حکام کے مطابق ان نئے محصولات کا اطلاق ایسے ممالک پر ہوگا جو مجموعی امریکی درآمدات کا تقریباً 99 فیصد حصہ فراہم کرتے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے