پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سابق چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کو عالمی باسکٹ بال تنظیم فیبا کا ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مقرر کر دیا گیا ہے، جہاں وہ ایشیا اور دیگر متعلقہ خطوں میں باسکٹ بال کے فروغ اور انتظامی امور کی نگرانی کریں گے۔
اعلان کے مطابق وسیم خان نے ایف آئی بی اے کے دفتر میں اپنی ذمہ داریاں شروع کر دی ہیں، جبکہ وہ باضابطہ طور پر جنوری 2027 میں ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کا عہدہ سنبھالیں گے۔
نئے عہدے کے تحت 44 باسکٹ بال فیڈریشنز وسیم خان کی نگرانی میں کام کریں گی۔ ان کی ذمہ داریوں میں رکن فیڈریشنز کے ساتھ رابطہ، کھیل کی ترقی، گورننس، انتظامی اصلاحات اور مختلف علاقائی منصوبوں کی نگرانی شامل ہوگی۔
وسیم خان اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں، جبکہ بعد ازاں وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ICC) میں جنرل منیجر کرکٹ کے منصب پر بھی فائز رہے۔
