خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے سرکاری ملازمین کے لیے نئے پے اسکیلز کا باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد انہیں نظرثانی شدہ بنیادی تنخواہیں ملیں گی۔
محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بنیادی پے اسکیلز 2022 کی جگہ یکم جولائی سے بیسک پے اسکیلز2026نافذ ہوں گے تاہم سرکاری ملازمین کا سالانہ انکریمنٹ بدستور ہرسال یکم دسمبر کو دیا جائے گا۔
نئے بیسک پے اسکیلز میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 اور 2025 ضم کردیے گئے ہیں۔ خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کو یکم جولائی 2026ء سے نظرثانی شدہ بنیادی تنخواہیں ملیں گی۔ صوبائی کابینہ نے خصوصی بجٹ اجلاس میں تنخواہوں کی نظرثانی کی منظوری دی تھی۔
خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کے لیے 2026 کا نیا ایڈہاک ریلیف الاؤنس 7 فیصد مقرر کیا گیا ہے، یکم جولائی 2026ء سے نافذ العمل ہوگا۔ کنٹریکٹ اور کنٹیجنٹ پیڈ اسٹاف بھی 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس کے اہل ہوں گے۔ نظرثانی شدہ تنخواہی ڈھانچے کا اطلاق یکم جولائی 2026ء سے ہوگا۔
