پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی ہاکی ٹیم کی قیادت میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے عماد بٹ کو کپتانی سے ہٹا کر ابوبکر کو نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
پی ایچ ایف کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ قومی ٹیم کی بہتری اور مستقبل کی حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ اعلامیے میں بتایا گیا کہ نئے کپتان کے انتخاب کے لیے اولمپئن اصلاح الدین صدیقی اور سابق قومی کپتان حسن سردار کی سفارشات کو بنیاد بنایا گیا، جس کے بعد ابوبکر کو قومی ٹیم کی قیادت سونپنے کا فیصلہ کیا گیا۔
فیڈریشن کے مطابق عماد بٹ ٹیم سے باہر نہیں ہوں گے بلکہ وہ بطور سینئر کھلاڑی قومی اسکواڈ کا حصہ رہیں گے اور اپنی تجربہ کار صلاحیتوں سے ٹیم کی رہنمائی کرتے رہیں گے۔
