یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں زوردار دھماکے کے بعد ایک رہائشی عمارت منہدم ہوگئی۔ حادثے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔دھماکہ تاریخی اور سیاحتی علاقے پلاکا میں ہوا۔ یہ علاقہ ایکروپولس کے قریب واقع ہے۔
حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں چار امریکی شہری شامل ہیں۔دیگر دو متاثرین میں ایک برطانوی شہری اور ایک یونانی خاتون شامل ہیں۔ دونوں مبینہ طور پر عمارت میں رہائش پذیر تھے۔
ایتھنز کے میئر ہاریس دوکاس نے دھماکے کا ممکنہ سبب گیس لیکیج قرار دیا ہے۔فائر بریگیڈ کے تفتیشی اہلکار بھی دھماکے کی وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ علاقے میں دھماکے سے قبل گیس کی بو محسوس کیے جانے کی اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں۔
دھماکے سے قریبی عمارتوں، دکانوں اور گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ بعض عمارتوں کو احتیاطی طور پر خالی کرایا گیا۔امدادی ٹیموں نے ملبے سے لاشیں نکالنے کے لیے سرچ ڈاگز، کیمروں اور دیگر آلات استعمال کیے۔ دو خواتین کو قریبی عمارت سے زخمی حالت میں نکالا گیا۔یونانی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
