وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر برائے بین الاقوامی امور کی ملاقات کی جس دوران وزیراعظم نے کہا پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والی ہے، دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے سیاسی رابطے بہت اہمیت رکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے لیو ہائی شینگ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا اور کہا پاک چین دوستی باہمی اعتماد اور عوام کے گہرے روابط پر استوار ہے۔ وزیراعظم نے ادارہ جاتی تعاون کے فروغ میں چین کے محکمہ بین الاقوامی امور کے کردار کو سراہا۔ چین کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم دہراتے ہوئےتجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور آئی ٹی میں تعاون کی مشترکہ خواہش کی تعریف کی۔
مہمان وزیر لیو ہائی شینگ نے وزیراعظم کو چینی قیادت کی نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا ۔ پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستی مزید گہرا کرنے کے لیے چین کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ چینی وزیر نے کہا کہ روابط کا مقصد دونوں ممالک کی آہنی دوستی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ عالمی فورمز پر تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے معزز مہمان اور ان کے چینی وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

