ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کے ریفرنس پر اینٹی کرپشن کی بڑی کارروائی، سابق پٹواری سمیت دو ملزمان گرفتار
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنس پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سابق پٹواری سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی نے دو مختلف مقدمات میں نامزد ملزمان راجہ ممتاز علی، سابق پٹواری حلقہ بڑا ہوتار مری، اور محمد عرفان خان ولد محمد عثمان کو گرفتار کر لیا۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمات نمبر 09/2025 اور 31/2026 تھانہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ راولپنڈی میں درج ہیں۔ ان مقدمات میں دھوکہ دہی، جعلسازی، جعلی دستاویزات کے استعمال اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے۔
مورخہ 6 نومبر 2026 کو سرکل آفیسر اینٹی کرپشن راولپنڈی منصور مظہر نے اے ایس آئی عمر فاروق اور اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں نامزد ملزمان کو گرفتار کیا۔
ذرائع کے مطابق مقدمہ نمبر 31/2026 ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی کی جانب سے بھجوائے گئے ریفرنس کی روشنی میں درج کیا گیا تھا، جس میں مبینہ بدعنوانی اور جعلسازی کے الزامات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
اینٹی کرپشن حکام کے مطابق مقدمہ نمبر 31/2026 میں جوڈیشل ایکشن کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
اینٹی کرپشن کی کارروائی کو سرکاری امور میں شفافیت، بدعنوانی کے خاتمے اور مبینہ مالی و دستاویزی بے ضابطگیوں کے خلاف جاری اقدامات کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

