پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے مزید چار کھلاڑیوں کو سکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔ آل راؤنڈر عامر جمال، فاسٹ بولرز علی شبیر اور ثاقب خان جبکہ بیٹر محمد طیب ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے ہیں۔
سنیچر کو پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق سپنر علی عثمان اور بیٹر عبداللہ فضل کو سکواڈ سے ریلیز کر دیا گیا ہے۔ علی شبیر، ثاقب خان اور محمد طیب پہلی مرتبہ پاکستان کے ٹیسٹ سکواڈ میں شامل ہوئے ہیں۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ نو نومبر سے راولپنڈی میں شروع ہو رہا ہے۔ پی سی بی نے گذشتہ ماہ کے اختتام پر اس سیریز کے لیے پاکستان کے 14 رُکنی سکواڈ کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ تین روزہ وارم اپ میچ کے بعد سکواڈ میں دو فاسٹ بولرز شامل کیے جائیں گے۔
پی سی بی نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور اوپنر امام الحق سمیت انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے والے متعدد کھلاڑیوں کو ڈراپ کر دیا تھا

