ممکنہ ایرانی حملے کے خطرے کے پیشِ نظر امریکا نے برطانیہ میں اپنے دوسرے فوجی اڈے سے بھی طیارے منتقل کر دیے ہیں۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کو متعدد امریکی طیارے آر اے ایف ملڈن ہال سے دوسرے مقامات پر روانہ ہوئے۔ ان میں جرمنی اور اسکاٹ لینڈ بھی شامل ہیں۔
اس سے قبل آر اے ایف لیکن ہیتھ سے بھی امریکی طیاروں کی نقل و حرکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ یوں برطانیہ میں امریکی فوجی سرگرمیوں اور سیکیورٹی انتظامات پر توجہ بڑھ گئی ہے۔
امریکی عہدیدار نے بتایا کہ آر اے ایف ملڈن ہال اور آر اے ایف لیکن ہیتھ پر اضافی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔
ان کے مطابق امریکی اہلکاروں، خاندانوں اور فوجی تنصیبات کے تحفظ کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ تاہم آپریشنل سیکیورٹی کے باعث ان کی تفصیلات ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔
امریکی فوجی کمانڈ کا کہنا ہے کہ طیارے مختلف وجوہات کی بنا پر ایک اڈے سے دوسرے مقام پر منتقل کیے جا سکتے ہیں۔ ان وجوہات میں فوجی مشقیں اور حقیقی آپریشنز بھی شامل ہیں۔

