چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہاکہ ملک بھی ہمارا فوج بھی ہماری،فوج ہماری تو اس کاسربراہ بھی ہمارا، ہم کسی کے ساتھ محاذ آرائی نہیں چاہتے، سب اداروں کے سربراہان کو اپنی حدود میں رہنا چاہیے۔
میڈیا سےگفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ جیل میں ملاقاتوں سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم خوش آئند ہے، امید ہے اس مرتبہ عدالتوں کے حکم پر عمل درآمد ہوگا، گزشتہ 2 سال سے عدالتوں کے حکم پر عمل درآمد نہیں ہو رہا، ملاقاتوں پر قدغن نہ ہوتی تو حالات اس نہج پرنہ پہنچتے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت اور وزیرداخلہ سے رابطے ہوتے رہتے ہیں، رابطہ رکھنا ہماری مجبوری ہے کیونکہ ہمارے لیے تمام راستے بند ہیں، اس وقت ہرطرف خاموشی ہے، بیک ڈورپر بھی خاموشی ہےمذاکرات نہیں ہو رہے، حکومت بھی بعض معاملات میں بے بس نظر آتی ہے، سیاسی کشیدگی اگر کم کرنی ہے تو بات چیت ضروری ہے،سہیل آفریدی سے متعلق ہمیں کوئی معلومات نہیں،کہا جا رہا ہے وہ پشاور میں ہیں، پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دی تھی لیکن وہ آئینی عدالت نے روک دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش تھی مولانا فضل الرحمان کےساتھ ہمارا اتحاد بنے، مولانا سے ملاقاتیں آل پارٹی کانفرنس کے حوالے سے ہوئی ہیں، جوائنٹ اپوزیشن میں مولانا ہمارے ساتھ ہیں،مولانا فضل الرحمان کےساتھ تحریک چلانا ابھی قبل ازوقت ہے، آگے بڑھیں گے تو سیاسی صورتحال واضح ہوجائےگی ۔

