رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس معمول کے سفارتی ذرائع سے کم جونگ اُن تک پہنچنے کی کوشش کی تھی۔ تاہم، شمالی کوریا کی جانب سے کوئی جواب نہ ملنے پر انہوں نے براہ راست خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔
اخبار کے مطابق وائٹ ہاؤس نے نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں شمالی کوریا کے مشن کے باہر یہ خط ایک شمالی کوریائی سفارت کار کے حوالے کیا۔ بعد ازاں اقوام متحدہ میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران اس سفارت کار نے سر بمہر خط کھولے بغیر امریکی نمائندے کو واپس کر دیا۔
وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق رواں ہفتے صدر ٹرمپ کے دورۂ ایشیا کے دوران بھی دونوں رہنماؤں کی ملاقات کے امکان پر غور کیا گیا۔ تاہم، آخری لمحات میں یہ کوشش بھی کامیاب نہ ہو سکی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کم جونگ اُن نے ملاقات کے لیے ایسی شرائط پیش کیں جو واشنگٹن کے لیے قابل قبول نہیں تھیں۔ ان میں سب سے اہم مطالبہ یہ تھا کہ امریکا شمالی کوریا کو ایک جوہری طاقت کے طور پر تسلیم کرے۔
یہ مطالبہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی اختلافات کی بڑی وجہ بنا ہوا ہے۔ واشنگٹن طویل عرصے سے جزیرہ نما کوریا کو جوہری ہتھیاروں سے پاک کرنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔

