ایشیاء میں پہلی بار منعقد ہونے والے عالمی سطح کے نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ ہانگ کانگ سمٹ 2026 میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کل (30 نومبر) بطور مہمانِ خاص شرکت کریں گی اور تقریب سے کلیدی خطاب کریں گی۔
یہ اہم عالمی کانفرنس ہانگ کانگ ہاربر روڈ پر واقع ہوٹل گرینڈ حیات میں منعقد ہو رہی ہے، جس کا موضوع ”متوازن دنیا: فرام سائنس ٹو سکیل“ (From Science to Scale) رکھا گیا ہے۔
سمٹ کا بنیادی مرکز سائنسی علوم، تکنیکی جدت، ذمہ دارانہ سرمایہ کاری اور قابلِ عمل پائیدار اقدامات ہیں۔
تقریب میں جدید ٹیکنالوجی، نئے معاشی ماڈلز اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے حوالے سے کلیدی تقاریر اور مختلف پینل مباحثے منعقد کیے جائیں گے۔ ہاؤسنگ، کلائمیٹ چینج اور انوائرمنٹ سے متعلق پہلے پینل مباحثے میں 7 وفود شریک ہوں گے، جبکہ قابلِ تجدید توانائی، ہاؤسنگ اور لینڈ مینجمنٹ ڈویژن سمیت دیگر اہم امور پر منعقد ہونے والے دوسرے پینل میں بھی 7 وفود کے ماہرین حصہ لیں گے۔
تیسرے پینل میں فزکس سمیت دیگر سائنسی علوم پر اقوامِ متحدہ (یو این او) کے عالمی ماہرین اظہارِ خیال کریں گے، جبکہ مباحثوں کے اختتام پر ایک شاندار گالا ڈنر کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
اس عالمی سمٹ میں فزکس کے نوبل انعام یافتہ سائنسدان پروفیسر بیری بارش اور پروفیسر فیرنک کراؤس سمیت چین، قطر، بوٹسوانا، برطانیہ، سویڈن، جاپان، اٹلی، سنگاپور اور سیرالیون سمیت دیگر بڑے ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود اور حکام شریک ہو رہے ہیں۔
علاوہ ازیں یو این اکنامک کمیشن آف یورپ، سفارتی وفود، اور فنانس، کارپوریٹ سیکٹر، انویسٹمنٹ اور ٹیکنالوجی کے 42 بڑے عالمی اداروں کے ماہرین بھی تقریب کا حصہ بنیں گے۔
سمٹ میں آکسفورڈ، کیمبرج، امپیریل کالج، سٹینفورڈ اور کولمبیا یونیورسٹی سمیت دنیا کی 15 بڑی جامعات کے وفود بھی شرکت کر رہے ہیں، جبکہ نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے ایوارڈ سیرمنی گالا میں لیشٹنسٹائن، برازیل، پرتگال اور تھائی لینڈ کے شاہی خاندانوں کے افراد بھی شریک ہوں گے۔

