سیکیورٹی فورسز کی فتنہ الہندوستان کیخلاف کامیاب کارروائیاں جاری ہیں۔ واشک میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع واشک میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا، آپریشن میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ ہوگئے، کارروائی کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ خوارج کے مذموم عزائم ناکام بنانے والےسیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں پر فخر ہے، سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے عزم کی عکاس ہیں۔ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، وطن کے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

