وینا ملک نے نجی ٹی وی چینل کے مارننگ شو سے میزبانی کے میدان میں واپسی کی ہے، جس کے بعد انہیں وزن میں اضافے کے باعث تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
حالیہ پروگرام میں انہوں نے وزن میں اضافے پر ہونے والی تنقید اور جسمانی خدوخال کا مذاق اڑائے جانے کے معاملے پر کھل کر بات کی۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وینا ملک نے کہا کہ میں یہ سنتے سنتے تھک چکی ہوں کہ تم موٹی ہو گئی ہو، تمہارا وزن بڑھ گیا ہے اور تم بھینس جیسی لگتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ جب تک میرا اپنا وزن نہیں بڑھا تھا، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ موٹے افراد کو کس ذہنی اذیت سے گزرنا پڑتا ہے۔
میزبان نے کہا کہ میری بات سنیں، زندگی میں کبھی وزن بڑھتا ہے اور کبھی کم ہوتا ہے، آپ لوگوں نے میری زندگی مشکل بنا دی ہے۔ گھر میں لوگ سمجھتے ہیں کہ صحت مند انسان ہر چیز کھاتا ہے، جبکہ باہر نکلوں تو لوگ موٹا ہونے کے طعنے دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میری پوری ٹیم بھی کہتی ہے کہ آپ کا وزن بڑھ گیا ہے اور چہرہ بھاری لگنے لگا ہے، میرا وزن بڑھا ہے، میری بینائی تو ختم نہیں ہوئی، مجھے اپنا وزن نظر آتا ہے اور میں جانتی ہوں کہ اب اسے کم کرنے کی ضرورت ہے۔ اب براہِ کرم مجھے موٹی کہنا بند کر دیں۔

