راولپنڈی میں اینکر اورصحافی ربیعہ احسن کی موت کی تحقیقات کے لیے پولیس نے ان کے شوہر کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار روزہ توسیع حاصل کر لی ہے اور اب انہیں پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور لے جایا جائے گا۔
مقدمے کی تحقیقات کرنے والی ٹیم میں شامل ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس مقدمے میں نامزد ملزم اور مقتولہ کے شوہر کو پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور لے کر جایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولی گرافک ٹیسٹ کی رپورٹ جلد ہی موصول ہو جائے گی، جس میں اس واقعے سے متعلق ملزم کے پولیس کو دیے گئے بیان کی تصدیق یا اس میں تضاد کے بارے میں بتایا جائے گا جو کہ اس مقدمے کی تفتیش کو آگے بڑھانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔
خیال رہے پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی بیان میں کہا تھا کہ ان سے گولی حادثاتی طور پر چلی تھی۔
دوسری طرف اہل خانہ نے ربیعہ احسن کے شوہر کے خلاف قتل کا مقدمہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

