شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی اور اس کے گردونواح میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف جاری سرچ اور کلیئرنس آپریشن کے دوران اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جہاں تازہ کارروائیوں میں مزید 16 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 13 نومبر 2026 کو جاری آپریشن کے دوران علی خیل کے علاقے میں 14 جبکہ میر علی چوک میں 2 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر شروع کیے گئے ان خصوصی آپریشنز کے آغاز سے اب تک ہلاک ہونے والے خوارج کی مجموعی تعداد 91 ہو گئی ہے۔
کلیئرنس آپریشن کے دوران مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ مساکی گاؤں میں مزید 5 کمپاؤنڈز کو کلیئر کیا گیا، جس کے بعد اس علاقے میں اب تک کلیئر کیے جانے والے کمپاؤنڈز کی مجموعی تعداد 340 اور مراکز کی تعداد 13 ہو گئی ہے۔ اسی طرح زرّاکی میں 21 کمپاؤنڈز اور 18 مراکز کو کلیئر کر لیا گیا ہے، جبکہ قمبر خیل سے بارو خیل تک 18 کمپاؤنڈز کلیئر کیے گئے، جہاں اب تک مجموعی طور پر 272 کمپاؤنڈز کو دہشت گردوں سے پاک کیا جا چکا ہے۔
مزید برآں، ہرماز کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے خوارج کے 8 ٹھکانوں کو مسمار کر دیا گیا۔ میر علی بازار میں بھی سرچنگ کا عمل جاری رہا جہاں مزید 20 دکانوں کو کلیئر کیا گیا۔
بازار میں اب تک مجموعی طور پر 407 دکانوں اور 12 تہہ خانوں کی تلاشی مکمل کی جا چکی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے سے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک تعاقب اور کلیئرنس آپریشنز کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔

