یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب ایک امیدوار نے اعتراف کیا کہ اس نے نیشنل ٹیکس اکاؤنٹنسی کے امتحان میں تقریباً مکمل نمبر حاصل کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا سہارا لیا تھا۔ امیدوار نے خفیہ کیمرے، اسمارٹ فون اور مصنوعی ذہانت کی مدد سے نقل کرنے کا اعتراف کیا۔
اس انکشاف نے جنوبی کوریا میں امتحانی نظام کی شفافیت پر سوالات اٹھا دیے۔ مزید یہ کہ یہ اسکینڈل ملک کے اہم ترین یونیورسٹی داخلہ امتحان سے چند روز پہلے سامنے آیا، جس کے بعد حکام نے ملک بھر میں سیکیورٹی اقدامات سخت کر دیے۔
اسکینڈل کے بعد حکام نے امتحانی مراکز میں جدید الیکٹرانک آلات کے ذریعے نقل روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے۔
ان اقدامات کے تحت امتحانی مراکز میں عوامی وائی فائی بند کر دی گئی، جبکہ نگرانی کرنے والے عملے کی تعداد بھی دگنی کر دی گئی۔ اس کے علاوہ طلبہ کی الیکٹرانک آلات کے لیے تلاشی لینے کا انتظام کیا گیا۔
امتحان دینے والے طلبہ کو صرف پینسل ساتھ لانے کی اجازت دی گئی۔ دوسری جانب غیر قانونی موبائل فونز کی نشاندہی کے لیے ہنگامی پیغامات بھی جاری کیے گئے۔
جنوبی کوریا کے وزیر تعلیم چوئی کیو جن نے اعتراف کیا کہ حکام مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نقل کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے مناسب تیاری نہیں کر سکے۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں امتحان مکمل ہونے کے بعد انتظامی ناکامی کی ذمہ داری قبول کی اور عہدے سے استعفے کا اعلان کر دیا۔
صدر لی جے میونگ نے وزیر تعلیم کا استعفیٰ منظور کر لیا۔

