متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ وہ لبنان پر عائد سفری پابندی 7 مئی 2025 سے اٹھا رہا ہے، جس کے بعد اماراتی شہری لبنان کا سفر کر سکیں گے۔ یہ اعلان اتوار کے روز وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری بیان میں کیا گیا۔
یہ فیصلہ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ہدایت پر کیا گیا ہے، جو کہ لبنان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ وزارت نے کہا کہ یہ قدم "دوطرفہ تعلقات کو گہرا کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے” کی پالیسی کا عکاس ہے۔
یہ اہم پیشرفت لبنانی صدر جوزف عون کے حالیہ اماراتی دورے کے بعد سامنے آئی، جس کے دوران انہوں نے ابو ظہبی میں اعلیٰ سطحی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں اقتصادی شراکت داری، سرمایہ کاری کے مواقع، اور شہریوں کے آزادانہ سفر کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ "اماراتی شہریوں کی حفاظت اور بہبود اولین ترجیح ہے،” اور لبنان جانے کے خواہشمند مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ حکومت کی جاری کردہ سفری رہنما ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔
اس اقدام سے نہ صرف سیاحت اور کاروبار کو فروغ ملنے کی توقع ہے بلکہ طویل عرصے سے سرد پڑے سفارتی روابط کو نئی توانائی بھی مل سکتی ہے۔