اسلام آباد: رواں مالی سال کے ترقیاتی فنڈز میں 300 ارب روپے کی کٹوتی کی تجویز زیر غور ہے، ترقیاتی پروگرام (PSDP) کے بجٹ میں 30 فیصد کمی کے بعد اس کا حجم 1000 ارب روپے سے کم ہو کر 700 ارب روپے رہ جائے گا۔
ذرائع پلاننگ کمیشن کے مطابق یہ کٹوتی ریونیو وصولیوں میں کمی اور پرائمری بیلنس کا ہدف حاصل کرنے کے لیے کی جا رہی ہے، ترقیاتی پروگرام کے سائز میں کمی کے باعث اہم قومی منصوبوں کے فنڈز میں بھی کمی کا امکان ہے۔
ابتدائی طور پر رواں مالی سال کے لیے 1400 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کیا گیا تھا تاہم مالی دباؤ کے باعث اب یہ بجٹ 400 ارب روپے کم ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال حکومت نے 1096 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے تھے جس کے برعکس رواں مالی سال میں ترقیاتی اخراجات مزید کم ہو کر تقریباً 700 ارب روپے رہنے کا امکان ہے۔

