کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے ہرا کر پلے آف کی دوڑ میں واپسی کر لی

Karachi Kings beat Quetta Gladiators by 9 wickets to return to playoff race

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے 37ویں میچ میں کراچی کنگز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی اور پلے آف مرحلے میں جگہ بنانے کی امیدوں کو زندہ رکھا ہے۔

یہ میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز اسکور کیے۔

کوئٹہ کی جانب سے رائلی روسو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 54 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 8 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ کپتان سعود شکیل نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 57 رنز بنائے جبکہ دنیش چندیمل 30 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ تاہم ابتدائی بلے باز شامل حسین اور خواجہ نافع بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور جلد پویلین لوٹ گئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے بولنگ میں حسن علی اور عباس آفریدی نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ رضوان اللہ نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے انتہائی جارحانہ آغاز کیا۔ اوپنر جیسن روئے 20 رنز بنا کر 58 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے، تاہم اس کے بعد ڈیوڈ وارنر اور ریزا ہینڈرکس نے ذمہ دارانہ اور تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے دوسری وکٹ پر ناقابل شکست 141 رنز کی شراکت قائم کی۔

ڈیوڈ وارنر نے صرف 48 گیندوں پر 89 رنز اسکور کیے جبکہ ریزا ہینڈرکس نے بھی 48 گیندوں پر 87 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے واحد وکٹ جہانداد خان نے حاصل کی، جبکہ دیگر بولرز کراچی کی جارحانہ بیٹنگ کے سامنے بے بس نظر آئے۔

اس کامیابی کے بعد کراچی کنگز نے پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن حاصل کر لی ہے اور پلے آف میں جگہ بنانے کے لیے اس کی امیدیں برقرار ہیں۔ تاہم ان کا انحصار اب باقی میچز پر ہے، خصوصاً لاہور قلندرز، پشاور زلمی، حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی کے میچ کے نتائج پر۔ اگر لاہور قلندرز کامیاب ہو جاتی ہے تو کراچی کنگز کی پلے آف رسائی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے