وزیراعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات میں میزائل اور ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صدرِ امارات شیخ محمد بن زاید سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مشکل گھڑی میں پاکستان اماراتی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑا ہے، مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی جانب سے میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں میزائل شکن دفاعی فضائی نظام کو فعال کر دیا گیا۔
متحدہ عرب امارت نے میزائل اورڈرون حملوں کی تفصیلات بھی جاری کردیں، ترجمان اماراتی وزات دفاع کے مطابق یو اے ای پر12 بیلسٹک3کروز میزائل اور4ڈرون سے حملہ کیا گیا، ایرانی حملوں میں3افرادمعمولی زخمی ہوئے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق فجیرہ میں ایران کے ڈرون حملے کے بعد ایک پیٹرولیم صنعتی مقام پر آگ بھڑک اٹھی۔ دبئی اور شارجہ کے ایئرپورٹس پر فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان پاسدارن انقلاب کے مطابق فجیرہ میں تیل تنصیبات پر حملے کا کوئی پہلے سے طے شدہ منصوبہ نہیں تھا، فجیرہ بندرگاہ پر جو کچھ ہوا وہ امریکی فوج کی مہم جوئی کا نتیجہ تھا۔
ترجمان کے مطابق امریکا آبنائے ہرمز کے ذریعے غیرقانونی جہازوں کی آمدورفت کیلئے راستہ بنانا چاہتا تھا، مزید حملے ہوئے تو ایران اہم تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یو اے ای ایران پر حالیہ حملوں میں ملوث ہے، متحدہ عرب امارات کیخلاف کارروائی جوابی ردعمل تھا، مزید حملے ہوئے تو ایران اہم تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔
