اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں میں آندھی اور بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں اور ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کر دی۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور ممکنہ موسمی صورتحال کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جڑواں شہروں میں شام کے وقت تیز ہوائیں اور آندھی چلیں۔ بعد میں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں بادل بھی برسے۔ جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے آج رات سے 13 مئی تک بارش کی پیشگوئی کر رکھی ہے۔
خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں بھی چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں موسم شدید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے ۔
این ڈی ایم اے کے مطابق بھی آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ ترجمان کے مطابق بڑھتے درجہ حرارت کے باعث گلیشیئرز پگھلنے سے برفانی جھیلیں پھٹنے کا خدشہ ہے۔ جھیلیں پھٹنے سے سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے ۔ این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دوران سفر احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
