پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ ٹورنامنٹ آج سے شروع، 14 ٹیمیں حصہ لیں گی

پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے شروع، 14 ٹیمیں حصہ لیں گی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیرِ اہتمام پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو گولڈ ٹورنامنٹ کا آغاز آج منگل سے ہو رہا ہے، جس میں ملک بھر کی 14 ڈپارٹمنٹل ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے میدان میں اتریں گی۔ ٹورنامنٹ 12 مئی سے 21 جون تک جاری رہے گا، جبکہ میچز اسلام آباد، راولپنڈی، ہری پور اور ایبٹ آباد سمیت چار مختلف شہروں میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی کے مطابق ایونٹ میں مجموعی طور پر 45 تین روزہ نان فرسٹ کلاس میچز منعقد ہوں گے۔ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کو دو مختلف کیٹیگریز، گولڈ اور سلور ٹائرز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گولڈ ٹورنامنٹ میں 14 جبکہ سلور ٹورنامنٹ میں 10 ڈپارٹمنٹل ٹیمیں شرکت کریں گی۔

رپورٹس کے مطابق پول اے کے مقابلے ریلوے کرکٹ اسٹیڈیم ہری پور، ایبٹ آباد کرکٹ اسٹیڈیم اور نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں ہوں گے، جبکہ پول بی کے میچز شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی، ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد اور مرغزار کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے۔

پی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ گولڈ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا، جبکہ رنر اپ ٹیم 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم حاصل کرے گی۔ ٹورنامنٹ کی فائنلسٹ ٹیمیں آئندہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس اور پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں شرکت کی اہل ہوں گی، جس سے ایونٹ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

دوسری جانب پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو سلور ٹورنامنٹ کا آغاز 18 مئی سے ہوگا، جہاں ٹیمیں اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے سخت مقابلہ کریں گی۔ کرکٹ حلقوں کے مطابق یہ ٹورنامنٹ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے