مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھارتی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام پرسکون اور آزاد ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں خوف، دباؤ اور بے یقینی کی فضا قائم ہے۔
سرینگر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے اعتراف کیا کہ آزادکشمیر کے عوام سکون اور اطمینان کے ساتھ زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل خوف اور محصوریت کا ماحول پایا جاتا ہے۔
محبوبہ مفتی کے مطابق نریندرمودی کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں متعدد ترقیاتی اور انتظامی ادارے قائم کیے، تاہم اس کے باوجود وہاں کے عوام ذہنی سکون سے محروم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف انفراسٹرکچر اور ترقیاتی منصوبے عوامی اطمینان کی ضمانت نہیں بن سکتے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو سخت قوانین اور سیکیورٹی دباؤ کا سامنا نہیں، اسی لیے وہاں کے لوگ زیادہ مطمئن اور خوش دکھائی دیتے ہیں۔ محبوبہ مفتی نے بالواسطہ طور پر بھارتی سیکیورٹی قوانین اور مسلسل فوجی موجودگی کو وادی میں خوف کی فضا کا سبب قرار دیا۔
