اسرائیلی نیوی نے ایک بار پھر غزہ کیلئے امداد لے جانے والے “گلوبل صمود فلوٹیلا” کو روک لیا ہے، جبکہ امدادی تنظیم کا کہنا ہے کہ قافلے میں شامل کشتیوں کا مکمل کنٹرول اسرائیلی فورسز نے سنبھال لیا ہے۔
امدادی تنظیم کے مطابق اسرائیلی فوج کی اسپیڈ بوٹس نے بحیرہ روم میں فلوٹیلا کے متعدد جہازوں کو گھیرے میں لے لیا، جس کے بعد قافلے سے رابطہ منقطع ہوگیا۔ تنظیم نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ امدادی کارکنوں کو بین الاقوامی پانیوں میں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
Edhi Foundation کے سربراہ فیصل ایدھی کے صاحبزادے Saad Edhi نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بحیرہ روم میں موجود امدادی قافلے کا اسرائیلی جنگی جہاز مسلسل تعاقب کر رہا تھا اور اب ایک کشتی کو روک بھی لیا گیا ہے۔
سعد ایدھی نے کہا کہ ان کا مشن مکمل طور پر پرامن اور انسانی بنیادوں پر مبنی ہے، جس کا مقصد غزہ کے متاثرہ عوام تک امداد پہنچانا ہے۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ اسرائیلی فورسز بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے قافلے کے شرکاء کو حراست میں لے سکتی ہیں۔
