پاکستان اور ایران یکجان و دو قالب ہیں، مشترکہ مستقبل کے شراکت دار ہیں: صدر مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو منفرد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک "یکجان و دو قالب” ہیں اور مشترکہ مستقبل اور مشترکہ منزل کے شراکت دار ہیں۔

اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ پاکستان ایران کا صرف ہمسایہ ملک نہیں بلکہ ایک برادر اور قریبی دوست ہے، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات تاریخی، تہذیبی، ثقافتی اور مذہبی بنیادوں پر قائم ہیں۔

انہوں نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال اور شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ برسوں میں پیش آنے والے واقعات نے دونوں ممالک کے درمیان موجود گہرے تعلقات اور باہمی اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان اور ایران خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور مختلف چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے ایک خوشحال مشترکہ مستقبل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

ایرانی صدر نے مذاکراتی عمل میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد نے خطے میں استحکام اور امن کے فروغ کے لیے مثبت، تعمیری اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط پاکستان پر اعتماد کی وجہ سے ممکن ہوئے اور دونوں ممالک باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے امن عمل میں مصر کی قیادت اور دیگر دوست ممالک کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے