بابر اعظم کو دوبارہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپ دی گئی، ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ دورے کے لیے اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے آئندہ دوروں کے لیے بابر اعظم کو دوبارہ قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کرتے ہوئے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شان مسعود، امام الحق، اذان اویس، عبداللہ فضل، سلمان علی آغا، غازی غوری، محمد رضوان، ساجد خان، علی عثمان، عامر جمال، محمد علی، محمد عباس، عبید شاہ، اویس ظفر اور خرم شہزاد شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل فٹنس مسائل کے باعث اس دورے کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے، اسی وجہ سے انہیں اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

قومی ٹیم اپنے دورے کا آغاز ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے کرے گی۔ شیڈول کے مطابق پاکستان ٹیم 18 جولائی کو ٹراوبا میں وارم اپ میچ کھیلے گی، جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلا ٹیسٹ 25 سے 29 جولائی تک ٹراوبا میں منعقد ہوگا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی گزشتہ ڈیڑھ سال سے تینوں فارمیٹس کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہر فارمیٹ کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کپتان کی ذمہ داری صرف اپنی کارکردگی تک محدود نہیں ہوتی بلکہ ٹیم کے مجموعی نتائج بھی اہم ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق شان مسعود نے بطور بیٹر اچھی کارکردگی دکھائی، تاہم ان کی قیادت میں ٹیم مطلوبہ نتائج حاصل نہ کر سکی، اسی لیے نئی قیادت کے ذریعے ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے